نئی دہلی،یکم؍ دسمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) بی جے پی صدر امت شاہ نے کانگریس پر جم کر حملہ بولا۔انہوں نے کہا کہ جس کانگریس پارٹی کو بھارت ماتا کی جے بولنے میں شرم آتی ہے وہ راجستھان اور ملک کا بھلا نہیں کر سکتی ہے۔امت شاہ نے کہا کہ راجستھان میں بی جے پی کی حکومت انگد کا پاؤں ہے اس کو کوئی اکھاڑ نہیں سکتا۔کانگریس پارٹی کو ہندوستان کے نقشے پر دوربین لے کر ڈھونڈنا پڑے ایسی حالت کانگریس پارٹی کی ملک میں ہو گئی ہے۔راجستھان میں ایک طرف مودی جی کی قیادت میں دیش بھکتوں والی بھارتیہ جنتا پارٹی ہے اور دوسری طرف کانگریس ہے جن کے پاس نہ لیڈر ہے، نہ پالیسی ہے اور نہ ہی اصول ہے۔ انہوں نے راجستھان میں کانگریس پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ جس فوج کا سپہ سالار ہی طے نہ ہو وہ فوج فتح کیسے حاصل کر سکتی ہے۔راہل گاندھی راجستھان میں اپنے سپہ سالار کا نام بتائیں۔بی جے پی کا سپہ سالار مقرر ہے ہم وسندھرا راجے کی قیادت میں راجستھان میں الیکشن لڑ رہے ہیں۔امت شاہ نے کہا کہ سرجیکل اسٹرائک کو اتر پردیش کے انتخابات سے جوڑ کر راہل گاندھی سرجیکل اسٹرائک کی سیاست کر رہے ہیں۔ ملک کے شہیدوں کی توہین کرنے پر راہل گاندھی کو شرم آنی چاہیئے۔ بتا دیں کہ ہفتہ کو راہل گاندھی نے ادے پور میں کاروباریوں سے بات چیت میں کہا تھا کہ وزیر اعظم نے فوج کے دائرہ اختیار (ڈومین) میں گھستے ہوئے ان کی سرجیکل اسٹرائک کو سیاسی اثاثہ (ایسیٹ) میں تبدیل کر دیا جبکہ حقیقت میں یہ ایک فوجی فیصلہ تھا۔ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ منموہن سنگھ حکومت نے 3 بار سرجیکل اسٹرائک کی لیکن کانگریس کی حکومت نے کبھی اس کا کریڈٹ نہیں لیا۔